انٹرٹینمنٹ

خیبر پختونخوا حکومت نے دلیپ کمار، راج کپور کے آبائی گھروں کا قبضہ حاصل کرلیا

Written by Peerzada M Mohin

خیبر پختونخوا کے آثار قدیمہ اور میوزیم ڈائریکٹوریٹ نے پشاور میں بولی وڈ لیجنڈز دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کا قبضہ حاصل کر لیا۔یہ پیشرفت ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے اولڈ سٹی علاقے میں قائم دونوں جائیدادوں کی ملکیت محکمہ آثار قدیمہ کو منتقل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کرنے کے بعد سامنے آئی۔صوبائی حکومت نے گزشتہ سال ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ دونوں گھروں کا قبضہ حاصل کرکے اسے بحال کرنے کے بعد میوزیم میں تبدیل کرے گی۔محکمہ آثار قدیمہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالصمد نے ڈان کو بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ نے دونوں جائیدادوں کی ملکیت صوبائی حکومت کو منتقل ہونے کے بعد موجودہ مالکان سے ان کا قبضہ حاصل کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب دونوں گھر سرکاری طور پر محکمہ آثار قدیمہ کی ملکیت ہیں۔ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ گھروں کا قبضہ تمام قانونی کارروائی پوری کرنے کے بعد حاصل کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹوریٹ، دونوں انتہائی خستہ حال گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے سے قبل ان کی بحالی اور تزئین و آرائش کا آغاز کرے گا۔ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ دونوں خاندانوں کے اراکین سے بھی بحالی کے سلسلے میں رابطہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں گھروں کی بحالی اور پھر انہیں میوزیم میں تبدیل کرنے کا مقصد پشاور کا بولی وڈ سے ناطہ دوبارہ جوڑنا ہے۔ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ ان کے محکمے نے دونوں جائیدادوں کی مقرر کردہ قیمت ڈپٹی کمشنر کو ادا کردی ہے تاکہ مالکان کو مزید ادائیگی کی جاسکے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر پشاور نے نوآبادیاتی دور کے لازمی جائیداد کے حصول کے قانون کے تحت دونوں گھروں کی ملکیت محکمہ آثار قدیمہ کو منتقل کرنے کے دو نوٹی فکیشنز جاری کیے۔ملکیت کی منتقلی کے لیے ڈھکی ڈلگاران کے علاقے میں واقع راج کپور کی حویلی کی قیمت ایک کروڑ 15 لاکھ اور محلہ خداداد میں دلیپ کمار کے آبائی گھر کی قیمت 72 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔دونوں جائیدادوں کی قیمت 15 لاکھ روپے فی مرلہ طے کی گئی تھی۔
٭٭٭٭٭

About the author

Peerzada M Mohin

M Shahbaz Aziz is ...

Leave a Comment

%d bloggers like this: