انٹرٹینمنٹ

شیخ امجد رشید پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین منتخب ہوگئے

پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل نے شیخ امجد رشید کو چئیرمین منتخب کرلیا۔
لاہور کے مقامی ہوٹل میں سالانہ انتخابات کا انعقاد۔ سینئر صحافی و پروڈیوسر مبشر لقمان نے نو منتخب باڈی سے حلف لیا۔
پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کیلئے جنرل کونسل کا اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں آئندہ ایک برس کیلئے معروف پروڈیوسر اور ڈسٹری بیوٹر شیخ امجد رشید کو متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کیا گیا۔نومنتخب باڈی کے دیگر عہدیداران میں سینئر وائس چیئرمین صفدر ملک، مومنہ درید وائس چیئرپرسن،اسپیشل سیٹ ریزرو،میڈم سنگیتا جبکہ ایگزیکٹو ممبران میں محمد یونس، ندیم مانڈوی والا،پروین سنگیتا،ایم اکرم،طارق میندرو،ادریس اے صدیقی،محمد خالد اقبال،عبد الرشید شامل ہیں۔اس موقع پر سینئر صحافی اور فلم پروڈیوسر مبشر لقمان نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔جنرل کونسل کے اجلاس میں اداکار شان، پروڈیوسر و ہدایتکار سید نور، فیصل بخاری، فلم ڈسٹری بیوٹرز اعجاز کامران، پرویز کلیم،،شیخ اکرم،سہیل ملک،راحیل ملک،شہزاد رفیق سمیت دیگر نے شرکت کی اور نومنتخب باڈی کو مبارک باد دیتے ہوئے مل کر فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے کام کرنے کا عزم کا اظہارکیا۔نومنتخب چیئرمین شیخ امجد رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج مجھے ایک بار پھر سے یہ ذمہ داری دی گئی ہے جسے میں بھرپور محنت اور ایمانداری کے ساتھ ادا کرنے کی ہرممکن کوشش کروں گا۔میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزیدکہاکہ پاکستان فلم انڈسٹری کو اس کی اصل شناخت دلوائیں گے۔ فلم پالیسی کافی عرصہ سے بن چکی ہے، وزیراعظم کی مصروفیت کے باعث فلم پالیسی کا اعلان نہیں ہوسکا، امجد رشید نے کہا کہ حکومت پندرہ اکتوبر تک فلم پالیسی کا اعلان کر دے۔ امجد رشید نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن سمیت دیگر وجوہات کی وجہ سے سینما بند ہونے سے بہت سے لوگوں کے پیسے پھنسے ہوئے ہیں،حکومت پروڈیوسرز کے ساتھ مل کر بیٹھے اور فیصلہ کرے کہ رقم کیسے واپس ملے گی، سینما نہ چلنے سے فلم ٹریڈ کا پہیہ پہیہ رک چکا ہے،سینما چلیں گے تو فلم انڈسٹری چلے گی،امجد رشید نے کہا کہ کسی سے ڈرنے والا بالکل نہیں ہوں پہلے بھی انڈسٹری کی ترقی کیلئے خلوص نیت سے کام کیا آئندہ اس حوالے سے کاوشوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ چین، ترکی سمیت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر فلموں کی پروڈکشن اور بین الاقوامی سطح پر ریلیز کیلئے اقدامات کئے جائینگے تاکہ انڈسٹری کی بحالی کا عمل تیز سے تیز ہوسکے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ شیخ امجد رشید پہلے بھی پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین رہ چکے ہیں اور پروڈیوسرز نے متفقہ طور پر دوسری بار انہیں بطورچئیرمین منتخب کیا ہے۔

About the author

Thakur Lahori

Leave a Comment

%d bloggers like this: