غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموںو کشمیر سوشل پیس فورم نے کہا ہے کہ بھارتی فوج مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہی ہے اور وہ اپنی ترقیوں اور انعامات کی لالچ میں کشمیریوں کوجعلی مقابلوں میں شہید کررہی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جموںو کشمیر سوشل پیس فورم کے چیئرمین دیویندر سنگھ بہل نے جموں کے علاقے نوشہرہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شوپیاں میں راجوری کے تین مزدوروں اور سرینگر میںتین بے گناہ طلباء کو جعلی مقابلوںمیں شہید کرنا ان خلاف ورزیوں کا واضح ثبوت ہے۔انہو ں نے کہا کہ بھارت اور اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت قیادت کو جیلوں اور گھروں میں نظر بند کررکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی ہمارے قائد اور رہنما ہیں جنہیں بھارتی انتظامیہ نے گھر میں نظر بند کررکھا ہے جبکہ شبیر احمدشاہ، محمد یاسین ملک ، مسرت عالم بٹ،پیر سیف اللہ اوردیگر رہنمائوں کو بھارت نے خوف کے عالم میں جیلوں میں ڈلا ہواہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود حریت کارکن تحریک آزادی کیلئے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حریت رہنما نے کہا کہ میں کشمیری عوام کو بھارت کے غاصبانہ قبضے سے نجا ت دلانے کیلئے کام کررہا ہوں اور جب تک مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا،کشمیری اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ دیویندر سنگھ نے کہاکہ بھارت نے 5اگست 2019ء کو مقبوضہ جموںو کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ بامقصد مذاکرات کا آغاز کرے ۔ حریت رہنما نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیا کو پرامن بنانے کیلئے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوا م کی خواہشات اور اقوا م متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
٭٭٭٭٭
2Below header
International
بھارتی فوج ترقیوں اور انعامات کی لالچ میں کشمیریوں کوجعلی مقابلوں میں شہید کررہی ہے' دیویندر سنگھ
شوپیاں میں راجوری کے تین مزدوروں اور سرینگر میںتین بے گناہ طلباء کو جعلی مقابلوںمیں شہید کرنا ان خلاف ورزیوں کا واضح ثبوت ہے
Add comment