پاکستان

پنجاب اسمبلی کی 90 سالہ تاریخ میں پہلی دفعہ محفل میلاد مصطفیﷺ کا اہتمام

چودھری پرویزالٰہی

اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے کہ اس نے مجھے یہ سعادت بخشی، رحمتہ للعالمینﷺ کی ذات اقدس سے محبت اور ان کی پیروی ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے اسمبلی کی نئی بلڈنگ کا افتتاح بھی انشااللہ محفل میلاد سے کریں گے، مخلوق خدا کی خدمت اور انہیں معاف کرنا سیکھیں یہی ہمارے آقاﷺ کی سیرت ہے: پنجاب اسمبلی میں محفل میلاد مصطفیﷺ میں اظہار خیال
درود شریف غموں اور پریشانیوں سے نجات کا نسخہ کیمیا ہے: پروفیسر ڈاکٹر اے آر خالد لاہور میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت تاریخ میں پہلی مرتبہ پنجاب اسمبلی میں محفل میلاد مصطفیﷺ کا انعقاد کیا گیا جس میں پروفیسر ڈاکٹر اے آر خالد نے خصوصی خطاب کیا۔ میلاد شریف کی تقریب پنجاب اسمبلی کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی جس میں پنجاب اسمبلی کے افسروں اور ملازمین نے شرکت کی۔ تلاوت کلام پاک کے بعد معروف نعت خواں محبوب احمد ہمدانی نے نبی اکرم ﷺ کی شان اقدس میں نعت پیش کی۔ میلاد کی تقریب نعرۂ تکبیر اور درود پاک کی صداؤں سے گونجتی رہی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی 90 سالہ تاریخ میں پہلی دفعہ محفل میلاد کا اہتمام کیا گیاہے، اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے کہ اس نے مجھے یہ سعادت بخشی۔ انہوں نے کہا کہ خاتم الرسل، رحمتہ اللعالمین ﷺکی ذات اقدس سے محبت اور ان کی پیروی ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اسمبلی کی نئی بلڈنگ کا افتتاح بھی انشاء اللہ محفل میلاد سے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخلوق خدا کو معاف کرناسیکھیں اور بھلائی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کہ یہی ہمارے پیارے آقاﷺ کی سیرت ہے۔ میں نے ہمیشہ اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ وہ مجھے تکبر سے محفوظ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کے مطابق نبی اکرمﷺ کی حیات مبارکہ مسلمانوں کیلئے بہترین نمونہ ہے۔ سپیکر نے کہا کہ ہم سب مخلوق کیلئے وہ کام کریں جس سے اللہ تعالیٰ راضی ہو۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میری ہر سانس اللہ کی عطا ہے اللہ مجھے اپنے شکر گزار بندوں میں شامل رکھے۔ سپیکر نے دنیا کی بے ثباتی کا ذکر تے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ بادشاہ بھی دنیا سے خالی ہاتھ گئے۔ انہوں نے کہا کہ جب بندہ اللہ تعالیٰ کا ہو جاتا ہے تو اسکی برکتیں نازل ہوتی ہیں۔ محفل میلاد کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر اے آر خالد نے اپنے خطاب میں سامعین کو درود شریف کی برکتوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی خوش نصیبی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان سے پنجاب اسمبلی میں یہ بابرکت کام شروع کروایاہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کے خطاب سے قبل پنجاب اسمبلی کے اسسٹنٹ سکیورٹی آفیسر محمد مقبول فانی نے کلام اقبال پیش کر کے سامعین کے دلوں کر گرمایا۔ تقریب کے سٹیج سیکرٹری کی ذمہ داری سپیکر پنجاب اسمبلی کے پی آر او عبدالقہار راشد نے ادا کی۔ بعد ازاں قاری خالد محمود نے ملکی سلامتی اوراستحکام کی دعا کروائی۔

About the author

Peerzada M Mohin

M Shahbaz Aziz is ...

Leave a Comment

%d bloggers like this: