انٹرٹینمنٹ

پاکستان انتہا پسندی, مذہبی جنونیت سے یکسر پاک, فیاض الحسن چوہان

پاکستان انتہا پسندی, مذہبی جنونیت سے یکسر پاک, فیاض الحسن چوہان

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا ہے کہ ہم سب کو خود احتسابی کے عمل سے گزرنا ہوگا اور ملک و قوم کے لئے صادق اورامین بننا پڑے گا۔ وزیر اعظم عمران خاں کی قیادت میں پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جہاں پر قانون کی حکمرانی، آئین کی بالا دستی اور انصاف کی فراہمی ہو ۔اُنہوں نے کہا کہ اداروں کو سیاسی اثرورسوخ سے پاک کر کے بااختیار بنایا جائے گا ۔ جس معاشرے میں سچ کا قحط ہو وہ کبھی ترقی نہیں کرسکتے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے آج یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں یومِ قائد اور کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام صوبائی محکمہ اطلاعات ثقافت پنجاب نے کیا تھا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، صوبائی وزیر اطلا عات ثقافت فیاض الحسن چوہان ، ایڈوائزر برائے ثقافت عائشہ بھٹہ ، ایم این اے شنیلا رتھ ، معروف فنکاروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرد کی کثیر تعداد موجود تھی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خاں دو نہیں ایک پاکستان بنانا چاہتے ہیں جہاں کمزور اور طاقتور، امیر و غریب میں کوئی فرق نہ ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے کرتارپور کوریڈور کھولنے کے اعلان سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ اور وقارمیں اضافہ ہوا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس فیصلے سے وزیر اعظم پاکستان نے120ملین سکھوں کے دل جیت لئے ہیں۔ گورنرنے کہا کہ پاکستان نے کرتار پور کوریڈور کھول کر بہتر تعلقات کی بنیاد رکھ دی ہے اور اب بھارت کو بھی اس کا مثبت جواب دینا چاہئے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کو وہ پاکستان بنائیں گے جس کا خواب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ ، شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ اور ہمارے آباؤ اجداد نے دیکھا تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں مسیحی برادری کا کردار بہت نمایا ں تھا اور ا ب وہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ،پاکستان میں بسنے والے تمام اقلیتوں کو برابری کی سطح پر حقوق دے گی ۔گورنر نے کہا کہ وہ جب یورپ میں تھے تو اپنے کلچر اور ثقافت کو کبھی نہیں بھولے اور برطانیہ میں کلچرل فیسٹیول منعقد کرائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پوری دُنیا میں اپنا کلچر پروموٹ کرنے کی ضرورت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلا عات ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد یومِ ولادت قائد اعظم اور یوم ولادت حضرت عیسی ؑ منانے کے لئے جمع ہوئے ہیں۔ یہ بات غور طلب ہے کہ دونوں عظیم ہستیوں کا یوم ولادت جب ہم مل کر یہ دن مناتے ہیں تو ہم عالمی برادری کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان انتہا پسندی اور مذہبی جنونیت سے یکسر پاک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب اور فرقوں کو احترام دینے والا ملک ہے، یہی نظریہ ہمارے بابائے قوم کا تھا اور یہی نظریہ ہمارے کپتان وزیر اعظم عمران خاں کا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی نظریہ تحریک پاکستان کی بنیا دتھا اور یہی سوچ پاکستان تحریک انصاف کی بھی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کسی صورت اپنے ہیروز کو نہیں بھول سکتی۔ مَیں آج اپنے مسیحی بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان جتنا مسلمانوں کا ہے اتنا ہی اقلیتی بھائیوں کا ہے، خواہ وہ عیسائی ہوں، ہندو ہوں ، سکھ ہوں یا پارسی۔ قائد کے پاکستان میں رنگ و نسل ، مذہب اور فرقوں کی قیود سے بلا تر ہوکر سب کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ یہ امتیاز محکمہ ثقافت کو ہی حاصل ہے کہ عید میلاد النبی ؐ، یوم اقبال اور اب یوم قائد اور کرسمس بھی سرکاری سطح پر منایا جارہا ہے۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر ثقافت فیاض الحسن چوہان نے یوم قائد اور کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔اس موقع پر ملک کے معروف فنکاروں نے کلام اقبالؒ اور صوفیانہ کلام بھی پیش کیا۔

About the author

Peerzada M Mohin

M Shahbaz Aziz is ...

Leave a Comment

%d bloggers like this: