پاکستان ٹیکنالوجی

اسلام آباد ،تمام اسکولز کو ڈیجیٹل اسکولز میں بدلنے کیلئے وفاقی نظامت تعلیمات، گوگل اور ٹیک ویلی کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی تکمیل اور وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی ہدایات پر اسلام آباد کے تمام اسکولز کوڈیجیٹل اسکولز میں بدلنے کے لئے وفاقی نظامت تعلیمات، گوگل اور ٹیک ویلی کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔پہلے مرحلے میں ٹیک ویلی اسلام آباد کے 200 اسکولز ( میل اینڈ فی میل)میں کلاوڈ بیسڈ انفراسٹرکچر پر مبنی گوگل ورک سپیس کو اسکولوں میں تعینات کریگی جبکہ گوگل اسکولوں کو فاصلاتی تعلیم کے لئے ٹولز مہیا کرے گا اور ساتھ ہی کروم بکس مہیا کی جائیں گی۔ دوسرے مرحلے میں تمام اساتذہ کو ان ٹولز کے استعمال اور اس سے استفادہ کرنے کے لئے ورچوئل ٹریننگ دی جائے گی۔ وفاقی وزارت تعلیم کے اس اقدام کا مقصد اساتذہ اور طلبہ کی پروفیشنل ڈیویلپمنٹ کو یقینی بنانا ہے۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری وجیہہ قمر نے وفاقی وزارت تعلیم کے اس اقدام کو تاریخی سنگ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا روایتی طریقہ تعلیم کو ڈیجیٹل لرننگ میں بدلنا عصر حاضر کا نہایت ضروری تقاضا تھا اور اس فلیگ شپ پراجیکٹ سے وزیر اعظم پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کی تکمیل کی گئی ہے۔وفاقی سیکرٹری تعلیم فرح حامد خان نے اس موقع پر کہا کووڈ نے جہاں نظام زندگی کو ہلا کر رکھ دیا وہیں شعبہ تعلیم کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا جتنا جلدی ممکن ہو ہمیں نئی ٹیکنالوجیز کو اپنا کر ‘ نیو نارمل ‘ کو اختیار کرنا ہوگا۔ وفاقی وزارت تعلیم کے اس اقدام کا مقصد اساتذہ اور طلبہ کی استعداد کار اور صلاحیتوں میں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اضافہ کرنا ہے۔ وفاقی سیکرٹری تعلیم فرح حامد خان نے کہا اس پائلیٹ پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل کے بعد اسکا دائرہ کار پاکستان کے تمام صوبوں میں بڑھایا جائے گا۔وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت سے سیکرٹری تعلیم فرح حامد خان جبکہ گوگل اور ٹیک ویلی کی طرف سے سی ای او عمر فاروق نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔اس پراجیکٹ کی تکمیل کا دورانیہ ایک برس ہے۔
٭٭٭٭٭

About the author

Peerzada M Mohin

M Shahbaz Aziz is ...

Leave a Comment

%d bloggers like this: