انٹرٹینمنٹ

پاکستان کی خوبرو اداکارہ رانی کی28ویں برسی (آج منائی جائے گی

پاکستان کی خوبرو اداکارہ رانی کی28ویں برسی آج ( جمعرات) کو منائی جائے گی ۔پاکستانی فلم انڈسٹری اور ٹیلی ویڑن کی معروف اداکارہ رانی کا اصل نام ناصرہ تھا اور وہ8دسمبر 1941 کو لاہور میں پیدا ہوئیں ۔انہوںنے اپنے فنی کیرئیر کا آغازہدایتکار انور کمال پاشا کی فلم محبوب سے کیا اور اس کے بعد بہت سی شاہکار فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی تاریخی فلم امرائوجان ادا میں عمدہ پرفارمنس نے جہاں فلم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیاوہیں ان کا نام پاکستان فلم انڈسٹری کے عظیم فنکاروں میں شامل کردیا۔ رانی نے فلم انجمن ، تہذیب ،سیتا، مریم مارگریٹ، شطرنج، چھوٹی امی ، عورت کا پیار اور چھوٹی بہن میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہوںنے ہدایتکار کیفی کی ڈائریکشن میں گلوکار واداکار عنایت حسین بھٹی کے ساتھ ان کی فلم جند جان، کوچوان، دنیا مطلب دی سمیت دیگر فلموں میں بھی کام کیا۔ ان کی اداکار وحید مراد اور شاہد کے ساتھ فلمی جوڑی بہت کامیاب رہی۔انہوں نے ہدایتکار حسن طارق کے ساتھ شادی کی تاہم یہ رشتہ بر قرار نہ رہ سکا جس کے بعدانہوں نے فلمساز جاوید قمر اوران سے علیحدگی کے بعد سابق کرکٹر سرفراز نواز کے ساتھ بھی شادی کی جو زیادہ دیر نہ چل سکی اوردونوں میں علیحدگی ہوگئی۔ اداکارہ رانی نے جہاں فلموں میں لازوال کردار نبھائے وہیں انہوں نے پی ٹی وی کے ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جن کو لوگ آج بھی یاد کرتے ہیں۔اداکارہ رانی کینسر کے موذی مرض میں مبتلا تھیں اور کافی عرصہ تک اس مرض سے لڑتی رہیں اور27 مئی 1993 کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔
٭٭٭٭٭

About the author

Peerzada M Mohin

M Shahbaz Aziz is ...

Leave a Comment

%d bloggers like this: