معروف اداکارہ صبا قمر نے مرحوم بھارتی اداکار عرفان خان کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی دی ہوئی عیدی آج بھی ان کے پاس موجود ہے۔صبا قمر نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے مرحوم عرفان خان کے ساتھ کچھ یادوں کا تذکرہ کیا۔میزبان نے اداکارہ کے انسٹاگرام پر موجود ایک تصویر کے حوالے سے پوچھا جس پر انہوں نے بتایا کہ یہ اس وقت کی ہے جب فلم ہندی میڈیم کی شوٹنگ دہلی میں جاری تھی اور اس دوران عیدالاضحیٰ آگئی۔صبا کا کہنا تھا کہ وہ میری پہلی عید تھی جب میں اپنے گھر پر موجود نہیں تھی، میں نے عرفان سے کہا کہ مجھے عیدی چاہیے تو انہوں نے مجھے عیدی دی تھی۔اداکارہ نے بتایا کہ عرفان کا دیا ہوا یہ نوٹ آج بھی میرے پاس موجود ہے۔دوران انٹرویو صبا کا کہنا تھا کہ میں عرفان خان کی بچپن سے مداح رہی ہوں، وہ بہت اچھے انسان تھے، میری ہمیشہ سے ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش تھی اور میں خوش قسمت رہی کہ پہلی فلم میں ان کے ساتھ کام کیا۔خیال رہے کہ 2017 میں ریلیز ہونے والی بھارتی فلم ہندی میڈیم میں اداکارہ صبا قمر نے بالی وڈ اداکار عرفان خان کے ساتھ کام کیا تھا۔ عرفان خان 29 اپریل 2020 کو ممبئی میں آنتوں کے انفیکشن اور نیورو اینڈوکرائن کینسر کے سبب انتقال کرگئے تھے۔
٭٭٭٭٭